اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پولیس کے مطابق دھماکا سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت ایک ایف سی اہلکار اور دوسرے شہری کے طور پر ہوئی، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ 25 جون کو بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستے پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ سبی کے علاقے سنگن میں دہشت گردوں نے ایف سی کی پیٹرولنگ پارٹی کو نشانہ بنایا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 5 جوان شہید ہوئے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کا بھی بھاری جانی و مالی نقصان ہوا اور دہشت گردوں کے فرار کا راستہ روکنے اور گرفتاریوں کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ایسے بزدلانہ حملے کر کے بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے اور سیکیورٹی فورسز جان کی قربانی دے کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲